کیا آپ اس نوجوان کی اصل عمر بتا سکتے ہیں؟

 ہالینڈ: تصویر میں نظر آنے والے اس شخص کا نام ایڈسن برینڈاؤ ہے اور یہ ہالینڈ کا برازیلی نژاد شہری ہے۔ اگر صرف تصویر دیکھ کر اس کی عمر کے بارے میں اندازہ لگایا جائے تو وہ 20 سے 30 سال کے درمیان کہیں ہوگا۔ لیکن برینڈاؤ کی اصل عمر 53 سال ہے۔ جی ہاں! یہ دراصل ایک ادھیڑ عمر شخص ہے جو اپنی اصل عمر کے مقابلے میں واقعی بہت کم سن دکھائی دیتا ہے


پاکستانی ہونے کی حیثیت سے ہمارے لیے اس میں کوئی عجیب و غریب بات نہیں کیونکہ ہماری اداکارہ ماہ نور بلوچ بھی اگرچہ اس وقت 50 سال کی ہوچکی ہیں اور ماشاء اللہ سے نانی بھی بن چکی ہیں، مگر وہ اب تک ویسی کی ویسی ہی جوان دکھائی دیتی ہیں جیسی وہ آج سے پچیس تیس سال پہلے دکھائی دیتی تھیں


البتہ، برازیلی نژاد ایڈسن برینڈاؤ کا اپنے بارے میں کہنا ہے کہ ان کے کم عمر نظر آنے میں کچھ دخل تو اس جینیاتی وراثت کا ہے جو انہیں اپنے والدین سے ملی ہے، لیکن زیادہ بڑا کردار ان کی ذاتی کوششوں کا ہے


سوشل میڈیا پر ایک مقبول شخصیت ہونے کے علاوہ، برینڈاؤ ایک پرسنل ٹرینر اور مصنف بھی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ’’ینگ آفٹر 40‘‘ (چالیس سال کی عمر کے بعد بھی نوجوان) کے عنوان سے ایک کتاب شائع کی ہے جس میں انہوں نے اپنے سدا بہار جوان نظر آنے کے ’’راز‘‘ بیان کیے ہیں۔ تاہم یہ سب باتیں وہی ہیں جو عمومی طور پر اچھی صحت کےلیے بتائی جاتی ہیں


ایک مقامی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے برینڈاؤ نے بتایا کہ وہ ہر چیز متوازن انداز میں استعمال کرتے ہیں، شکر اور تلی ہوئی چیزوں سے پرہیز کرتے ہیں، خوب پانی پیتے ہیں، باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں، روزانہ خوب پیدل چلتے ہیں، سبزیاں اور پھل زیادہ کھاتے ہیں، کسی بھی قسم کی سافٹ ڈرنک اور الکحل سے مکمل پرہیز کرتے ہیں، اپنی پوری زندگی میں انہوں نے کبھی کوئی نشہ نہیں کیا، وہ بازار کا کھانا اور فاسٹ فوڈ وغیرہ بالکل بھی نہیں کھاتے اور، ان سب سے بڑھ کر، سگریٹ کو تو وہ ہاتھ بھی نہیں لگاتے!


یہی سب باتیں انہوں نے خاصی تفصیل سے اپنی کتاب میں بھی بیان کی ہیں۔ البتہ، ایک چیز کا انہوں نے اعتراف ضرور کیا ہے: اپنی جلد کو جوان رکھنے کےلیے وہ ایجنگ کریم (جلد پر سے عمر رسیدگی کے اثرات زائل کرنے والی کریم) روزانہ استعمال کرتے ہیں


اگر آپ بھی اس ’’53 سالہ نوجوان‘‘ سے متاثر ہیں تو برینڈاؤ کے مشوروں پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی کوشش ضرور کیجیے گا

Comments

Popular posts from this blog

فلائی نووا: بچوں اور بڑوں کے لیے روشن، اڑن لٹو

کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ پھول کس چیز سے بنے ہیں؟

چینی انکوائری کمیشن: ایف آئی اے کے افسر سجاد باجوہ کو نوکری سے برطرف کرنے کی سفارش